پاکستان میں کھچڑی اور دنیا میں کیا؟ دلچسپ کہانی

دنیا کے مختلف ممالک میں بیمار ہو جانے کے بعد مختلف چیزیں کھانے کا رحجان پایا جاتا ہے، کہیں کوئی مرغی کا شوربہ استعمال کرتا ہے تو کہیں کھچڑی۔ آئیے جانتے ہیں کہ کس ملک میں بیمار پڑنے پر لوگ کیا کھاتے ہیں۔

چند ملکوں میں بیمار پڑنے پر لوگ ہلکی پھلکی غذا لیتے ہیں جو معدے پر بھاری نہ پڑے لیکن چند ملک ایسے بھی ہیں جہاں مرچ مسالے والی گرم خوراک لی جاتی ہے۔


1۔ پاکستان: کھچڑی

01-pakistan-khichdi
سفید چاولوں اور دال سے بنی یہ ہلکی پھلکی غذا بخار، پیٹ کی تکالیف اور دیگر عام امراض میں سب سے زیادہ استعمال کی جاتی ہے۔ اس میں گھی یا مکھن کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ویسے اگر بندہ بیمار نہ ہو تو کھچڑی کے ساتھ اچار کا لطف ہی اپنا ہے۔


2۔ بھارت: اڈلی

02-india-idli
جنوبی بھارت میں ناشتے کا بہت اہم جز ہے جو لحمیات اور ریشے دار غذائیت رکھتا ہے۔ یہ نرم و ملائم ٹکیاں ہوتی ہے جو ابلے ہوئے چاول سے بنتی ہیں۔ بیماری کی صورت میں لوگ اسے شکر اور دہی کے ساتھ کھاتے ہیں۔ جبکہ چند لوگ اسے املی کی ایک چٹنی رسم کے ساتھ استعمال کرتے ہیں۔


3۔ امریکا: چکن نوڈلز سوپ

03-united-states-chicken-noodle-soup
چکن نوڈل سوپ کا ایک پیالہ، عام طور پر سبزیوں، مرغی کے گوشت اور انڈے کے نوڈلز سے بنتا ہے۔ یہ بند ناک اور سینے کی جلن کے لیے مفید ہے اس لیے مریض اسے کافی استعمال کرتے ہیں۔


4۔ جاپان: اوکایو

04-japan-okayu
ابلے ہوئے چاولوں کے دلیے کا ایک پیالہ مشرقی ایشیائی باشندوں کے لیے "تمام امراض کا علاج" ہے۔ یہ دلیہ بہت ہلکا ہوتا ہے اور باآسانی ہضم ہو جاتا ہے اس لیے بیماری میں استعمال سے جسم پر اضافی بوجھ نہیں پڑتا۔ جاپانی دلیے کے ساتھ ایک خشک آلو بخارے کا بھی استعمال کرتے ہیں۔


5۔ اٹلی: پاستینا

05-italy-pastina
جب بیمار ہوتے ہیں اطالوی بھی نرم غذا استعمال کرتے ہیں، جسے وہ 'ان بیانکو' کہتے ہیں۔ پاستینا بھی ایک ایسی ہی خوراک ہے۔ یہ ننھے پاستا مختلف شکلوں میں ہوتے ہیں جنہیں پانی میں ابالا جاتا ہے۔ بسا اوقات اس میں زیتون کا تیل، مقامی پنیر یا ذائقے کے لیے مرغی کے گوشت کے ٹکڑے بھی ڈالے جاتے ہیں۔


6۔ سنگاپور: مچھلی کا دلیہ

06-singapore-fish-porridge
چاولوں کے سادہ دلیے پر مچھلی کے ٹکڑے اور سویا ساس اور سیاہ مرچ ڈالی جاتی ہے۔ ادرک کا استعمال نہ صرف اس نرم خوراک میں ذائقہ لاتی ہے بلکہ گلے کے امراض کے لیے بھی مفید ہے۔


7۔ ناروے: گوبھی کا سوپ

07-norway-cauliflower-soup
ناروے کی ایک قدیم خوراک، گوبھی کا شوربہ بیماری میں استعمال کی جاتی ہے۔ یہ نہ صرف بنانے میں آسان ہے بلکہ مقامی افراد اسے بہت مزیدار بھی سمجھتے ہیں۔ یہ چھوٹے اور بیمار بچوں کے لیے کھانا بھی آسان ہے۔


8۔ روس: بروشت

08-russia-borscht
سرخ رنگ کا یہ سوپ یعنی شوربہ مشرقی یورپ میں کافی مقبول ہے۔ چقندر سے بنا یہ ترش ذائقے کا شوربہ جسم کی طاقت بحال کرنے کا مجرب نسخہ ہے۔ مختلف ممالک میں یہ مختلف طریقوں سے بنتا ہے اور کئی لوگ اس میں بند گوبھی، پیاز اور لہسن بھی استعمال کرتے ہیں۔


9۔ چین: نوڈل سوپ

09-china-noodle-soup
چین میں جب بھی بچے بیمار پڑتے ہیں تو ان کے لیے نوڈل سوپ کا ایک بڑا سا پیالہ بنایا جاتا ہے جس پر ایک انڈہ بھی ہوتا ہے۔ اگر نوڈلز کو اچھی طرح پکایا جائے تو یہ ہضم کرنا آسان ہوتے ہیں۔ اس کی کئی شکلیں ہیں، اپنی آسانی اور چیزوں کی دستیابی کے لحاظ سے مختلف سبزیوں کا استعمال بھی کیا جاتا ہے۔


10۔ تونس: گرم مسالے دار شوربہ

10-tunisia-hot-and-spicy-soup
تونس میں تمام عام بیماریوں کا ایک ہی حل ہے، مسالے دار گرم شوربہ۔ یہ جو سے بھی بنایا جاتا ہے، نوڈل بھی استعمال کیے جاتے ہیں جبکہ دالوں سے بھی بنتا ہے۔ تازہ سبزیاں بالخصوص ٹماٹر ڈال کر بھی اس کی مختلف اقسام تیار کی جاتی ہیں۔

فیس بک پر تبصرے



تبصرہ کریں