دنیا بھر میں عید کی خاص ڈشیں

مسلمان دنیا کے کونے کھدرے میں پھیلے ہوئے ہیں اور ان کی مقامی روایات اور کلچر بھی تہواروں پر اثر انداز ہوتے ہیں جیسا کہ عید الفطر کا دن۔ آپ مراکش سے لے کر ملائیشیا تک اور روس سے لے کر یمن تک، ہر جگہ عید کے موقع پر مختلف روایات دیکھیں گے۔ ویسے دنیا بھر کے تہواروں میں کھانے کو بڑا خاص مقام حاصل ہوتا ہے اور یہی چیز عیدوں پر بھی لاگو ہوتی ہے۔ آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ اس روز دنیا کے مختلف ملکوں میں عید کے موقع پر کیا خاص ڈشیں بنائی جاتی ہیں۔

یمن

bint-al-sahn
یمن میں دوپہر پر خاندان بھر کے افراد دسترخوان پر جمع ہوتے ہیں اورجو خاص ڈش اس موقع پر تیار کی جاتی ہے، اسے "بنت الصحن" کہتے ہیں۔ یہ میٹھی ڈش آٹے اور شہد سے بنتی ہے۔


روس

manti
روس کے دارالحکومت ماسکو میں عید کی سرگرمیوں کا مرکز جامع مسجد، ماسکو ہے۔ اجتماعی نماز اور میل ملاقاتوں کے بعد اہل خانہ اپنے گھروں میں جمع ہوتے ہیں اور اس موقع پر جو خصوصی پکوان بنائے جاتے ہیں ان میں "مانتی" سب سے نمایاں ہے۔ اس سموسے نما چیز میں بھیڑ یا گائے کا گوشت استعمال کیا جاتا ہے۔


سوڈان

aseeda
نماز عید کے ساتھ ہی خاندان سے لے کر پڑوسیوں تک مبارکبادوں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ سوڈان میں گھر گھر میٹھی چیزیں بھیجنے کی روایت بھی موجود ہے جن میں سوڈان کی نمایاں ترین ڈش "عصیدہ" ہے۔ یہ عموماً ہر دسترخوان کی زینت ہوتی ہے۔ عصیدہ گندم اور شہد سے بنتی ہے۔


پاکستان/ہندوستان

sheer-khurma
پاک و ہند میں عید کے روز قبرستان جاکر پیاروں کو یاد کرنے کی روایت بہت مضبوط ہے۔ بچوں کے لیے تو اصل عید تو "عیدی" ہے جسے وہ کھلونوں اور دیگر چیزیں خریدنے میں کھپاتے ہیں۔ دوست، احباب، رشتہ دار و پڑوس میں ملاقاتوں کا سلسلہ بھی دن بھر جاری رہتا ہے۔ دونوں ملکوں میں عید کی خاص ڈش وہ میٹھا ہے، جو اس عید کو "میٹھی عید" بناتا ہے، یعنی سویّاں، یا شیر خرما یا کھیر۔


مصر

kahk
مصر میں کھجور اور دودھ کے ساتھ عید کے دن کا آغاز کرنے کی روایت ہے۔ نماز عید کے بعد بچے تو کھیل کود میں لگ جاتے ہیں جبکہ بڑے "کحک" کی تیاری میں مصروف ہو جاتے ہیں جو ایک مزیدار بسکٹ نما چیز ہے جس میں شہد بھرا جاتا ہے۔


چین

You-Xiang
چین میں اسلام صدیوں سے موجود ہے اور آج بھی 2 کروڑ مسلمان یہاں بستے ہیں۔ یہاں عموماً عید کا دن بزرگ رشتہ داروں سے ملاقات کا ہوتا ہے جبکہ گھروں میں خاص طور پر "یو سیانگ" تیار کیا جاتا ہے۔ جسے شوربے یا چاولوں کے ساتھ کھایا جاتا ہے۔


ملائیشیا

Luih
ملائیشیا میں عید کو "ہری رایا" یعنی "بڑا دن" کہتے ہیں۔ مرد اور عورتیں روایتی لباس پہنتے ہیں۔ خاندان بھر میں ملاقاتیں ہوتی ہیں اور کھانے کی خاص چیز "لوہ" بنائی جاتی ہے۔ یہ رنگین کیک نما مٹھائی ہے جو مکھن، گندم، انڈوں اور چینی سے بنتی ہے۔


صومالیہ

Cambaabur
صومالیہ میں نماز عید کے بعد عید کی خاص ڈش "کمبابر" بنائی جاتی ہے۔ گندم و باجرے سے بنے اس میٹھے پر چینی بھی چھڑکی جاتی ہے اور اسے دہی کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔


افغانستان

bolani
ہماری طرح افغانستان میں بھی کہا جاتا ہے "عید تو بچوں کی ہوتی ہے"۔ اس لیے عید کے پہلے روز جو بنتا ہے وہ بھی بچوں کو مدنظر رکھ کر تیار کیا جاتا ہے۔ یہاں کی خاص عید ڈش کو "بولانی" کہا جاتا ہے جو بڑی مزیدار روٹی ہوتی ہے جس میں پالک، کدو، آلو اور سبز مسور بھی استعمال کی جاتی ہے۔


شام

mamoonia
شام اس وقت سخت اور بدترین دور سے گزر رہا ہے۔ خانہ جنگی نے اس ہنستے بستے ملک کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ اس لیے عید کا دن اب پہلے جیسا تو نہیں رہا لیکن پھر بھی "مامونیہ" کی تیاری اب بھی عام ہے۔ یہ کھیر نما چیز ٹھنڈی یا گرم دونوں صورتوں میں پیش کی جاتی ہے اور اس پر سونف اور بادام بھی ڈالے جاتے ہیں۔

فیس بک پر تبصرے



تبصرہ کریں