پرسکون نیند بچوں کی یاد داشت بہتر بناتی ہے

اگر آپ اپنے بچوں کو نئے الفاظ جلد یاد کروانا چاہتے ہیں تو پھر ضروری ہے کہ انہیں پرسکون نیند مکمل کرنے کا موقع فراہم کریں۔ محققین کہتے ہیں کہ اگر کم عمر بچے زیادہ دیر سونا چاہیں تو والدین کو چاہیے کہ وہ انہیں جاگنے پر مجبور نہ کریں کیوں کہ اس سے ان میں سیکھنے اور سمجھنے کی صلاحیت پر منفی اثر پڑتا ہے۔

حال میں چھوٹے بچوں پر ایک تحقیق کی گئی جس سے پتہ چلا کہ جو بچے دوپہر میں کچھ دیر سوتے ہیں ان میں نئے الفاظ سیکھنے اور یاد رکھنے کی صلاحیت ان بچوں سے زیادہ ہوتی ہے جو سارا دن جاگ کر گزارتے ہیں۔ اس تحقیق کے نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے محققین کہتے ہیں کہ اسکول میں داخل کروانے سے پہلے بچوں میں قیلولے کی عادت پختہ کروادینی چاہیے۔

یونیورسٹی آف ایریزونا نے تین سال کے بچوں کو چند الفاظ یاد کروانے کی کوشش کی اور 24 گھنٹے بعد ان سے یاد کروائے گئے الفاظ کی بابت دریافت کیا گیا۔ جو بچے نئے الفاظ سیکھنے کے بعد سوگئے انہیں یاد کروائے گئے الفاظ بہتر طور پر یاد تھے برعکس ان بچوں کے جنہیں سونے کا موقع نہیں ملا۔

اس تحقیق کے لیے تین سال کی عمر والے ان بچوں کو منتخب کیا گیا جنہیں اب تک اسکول میں داخل نہیں کروایا گیا تھا۔ اس کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ اس عمر میں بچے دوپہر میں سونے سے بھاگنے لگتے ہیں اور کھیل کود میں زیادہ دلچسپی لیتے ہیں۔ محققین کہتے ہیں کہ والدین کو اس بات سے پریشان نہیں ہونا چاہیے کہ دوپہر میں بچہ سوتا ہے یا نہیں بلکہ انہیں دن بھر میں اس کے سونے کا وقت جانچنا چاہیے کیوں کہ دن میں دو ای تین مرتبہ سونا اہم نہیں بلکہ ضروری یہ ہے کہ بچہ 24 گھنٹوں چاہے ایک مرتبہ سوئے لیکن پرسکون اور طویل نیند مکمل کرے۔

تحقیق کرنے والے مزید بتاتے ہیں اسکول میں داخل کروانے سے پہلے ہر بچے کو 24 گھنٹوں کے دوران 10 سے 12 گھنٹے سونا چاہیے۔ اب چاہے وہ رات میں ایک ہی مرتبہ اتنی نیند لیتا ہو یا پھر کچھ دیر دوپہر میں اور باقی وقت رات میں سوئے تو بھی پریشانی کی کوئی بات نہیں۔

البتہ محققین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ بچے کو پرسکون نیند لینے کا موقع دینا چاہیے کیوں کہ نیند کی کمی اس کی صحت پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔ اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ بچے کو دوپہر کے خاص اوقات میں کچھ دیر سونے کی عادت ڈالی جائے اور اس کے آس پاس ایسا ماحول ترتیب دیا جائے جس سے وہ کچھ دیر ہی سہی لیکن سکون کے ساتھ سو سکے۔

فیس بک پر تبصرے



تبصرہ کریں