ہیلی کاپٹر راستہ بھول گیا، ٹرک ڈرائیوروں نے بتایا

ویسے تو یہ بات ازراہِ مذاق کہی جاتی ہے لیکن حقیقت یہی ہے کہ مرد راستہ بھول بھی جائے تو راستہ پوچھنے کے بجائے خود تلاش کرنے کو ترجیح دیتا ہے جبکہ عورتوں کو یہ بات تسلیم کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوتا کہ وہ راستہ بھول گئی ہیں اور وہ پوچھ بھی لیتی ہیں۔ یہ معاملہ تو خیر ڈرائیونگ کا ہے، لیکن اگر آپ ہیلی کاپٹر چلا رہے ہوں اور راستہ بھول جائیں تو کیا ہوگا؟ خاص طور پر جب آپ مرد بھی ہوں؟ کم از کم قازقستان میں تو ہمیں یہ لطیفہ الٹا دکھائی دے رہا ہے جہاں ایک دیو ہیکل فوجی ہیلی کاپٹر ایک شاہراہ پر اتارنے کے بعد پائلٹ نے ایک ٹرک ڈرائیور سے راستہ پوچھا ہے۔ اس پورے منظر کو ایک دوسرے ٹرک نے کیمرے میں قید کرلیا ہے۔

اس دلچسپ وڈیو کے آغاز میں 10 ملین ڈالرز کی بھاری قیمت کے حامل ایم آئی-8 گن شپ ہیلی کاپٹر کو بیچ شاہراہ پر کھڑا دیکھا جا سکتا ہے۔ برف باری کا منظر ہے اور ہوا بھی خاصی تیز چل رہی ہے۔ جیسے ہی ہیلی کاپٹر کے پروں کی حرکت کم ہوئی، ٹرکوں کے قافلے میں سب سے آگے موجود ٹرک کے ڈرائیور کو ریڈیو رابطے پر حیرت کا اظہار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ 70 فٹ کے قطر کے بھاری بھرکم ہیلی کاپٹر کے پروں کے سامنے جانے کی جرات کسی ڈرائیور کو نہیں تھی، پھر اس کے راکٹ اور مشین گنیں بھی انہیں ڈرا رہی تھیں۔

اس موقع پر جب سب ٹرک ڈرائیوروں کو چپ لگ گئی تھی، ہیلی کاپٹر کے کاک پٹ سے ایک شخص نمودار ہوا اور چلتا ہوا سب سے پہلے ٹرک کے پاس گیا۔ ڈرائیور سے ہاتھ ملانے کے بعد اس نے ڈرائیور سے کچھ پوچھا اور اس دوران مختلف سمتوں میں ہاتھ بھی گھماتا رہا۔ پھر وہ شخص اپنے ہیلی کاپٹر کی جانب واپس گیا اور کچھ ہی دیر میں ہیلی کاپٹر نے پرواز بھری اور نظروں سے غائب ہوگیا۔

پہلے ٹرک کے ڈرائیور سے بتایا کہ وہ راستہ بھول گئے تھے اور وہی پوچھ رہے تھے۔ قازقستان ایئرفورس کا یہ ہیلی کاپر اکتوبے شہر کا پتہ پوچھ رہا تھا جو لگ بھگ 4 لاکھ کی آبادی رکھتا ہے اور ملک کے مغربی بیابانوں کے چند آباد علاقوں میں سے ایک ہے۔ گفتگو کے دوران ڈرائیور ہنستے ہوئے بھی دکھائی دیا کہ "میدان میں کوئی کیسے گم ہو سکتا ہے؟"

منظر عام پر آنے والی اس تازہ وڈیو کے بارے میں معلوم ہوا کہ رواں ماہ کے اوائل کی ہے۔ یہ وڈیو اتنی وائرل ہوگئی کہ وزارت دفاع کو وضاحتی بیان جاری کرنا پڑا ہے جس کے مطابق پائلٹوں کو تربیت کے دوران بجائے آلات کے اپنی نظروں سے بھی کام لینے کی تربیت دی جاتی ہے۔ بیان کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر اپنی "تربیتی پرواز" کے بعد بحفاظت بیس تک پہنچ گیا تھا۔

فیس بک پر تبصرے



تبصرہ کریں