پاکستان کے 5 بہترین مزاحیہ فنکار

اداکاری کرنا اگر مشکل کام ہے تو مزاحیہ اداکاری کہیں زیادہ مشکل ہے۔ خوش قسمتی سے پاکستان کو ایسے کئی فنکار دستیاب ہوئے جن میں پڑھنے، سننے اور دیکھنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کی خداد صلاحیتیں موجود ہیں۔ انہی شخصیات میں سے چند نام اور ان کی فنکارانہ صلاحیتیوں کی جھلکیاں قارئین کی خدمت میں پیش ہیں۔

معین اختر
بلاشبہ ان کا شمار پاکستان کے صف اول کے مزاحیہ اداکاروں میں ہوتا ہے۔ معین اختر ہر فن مولا تھے۔ کسی پروگرام کی میزبانی، مزاحیہ ڈرامے میں اداکاری، یا پھر ہدایت کاری اور گلوکاری، انہوں نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو منوایا۔ "روزی"، "عید ٹرین"، "ہاف پلیٹ"، "اسٹوڈیو ڈھائی" اور آخر میں "لوز ٹاک" ان کے مشہور ترین پروگرامات میں سے چند ہیں۔ حکومت پاکستان کی جانب سے معین اختر کو تمغہ حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز جیسے قومی اعزازات سے بھی نوازا گیا۔

عمر شریف
اسٹیج ڈراموں سے شہرت پانے والے عمر شریف اب دنیا بھر میں جانے جاتے ہیں۔ 1980ء کی دہائی میں عمر شریف کے ڈرامے "بکرا قسطوں پہ" اور "بڈھا گھر پر ہے" کو بے انتہا مقبولیت حاصل ہوئی۔ مذکورہ ڈراموں کو پڑوسی ملک بھارت میں بھی بہت پسند کیا گیا۔ عمر شریف نے کئی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے اور ہدایت کار کی حیثيت سے کام کیا۔

بشریٰ انصاری
مزاح کی بے تاج ملکہ بشریٰ انصاری کا کوئی ثانی نہیں۔ مزاحیہ اداکارہ کی حیثیت سے انہوں نے جو مقام حاصل کیا شاید ہی کوئی دوسری اداکارہ مستقل میں اس تک پہنچ پائے۔ دلچسپ بات یہ ہے مزاحیہ اداکاری میں کئی مردوں کو پیچھے چھوڑنے والی بشری انصاری نے سنجیدہ اداکاری میں بھی کسی سے پیچھے نہیں رہیں۔ انہیں "ففٹی ففٹی"، "شو ٹائم"، "اسٹوڈیو ڈھائی"، "اسٹوڈیو پونے تین" اور "لوز ٹاک" میں ناقابل فراموش اداکاری کے باعث آج بھی یاد رکھا جاتا ہے۔

سہیل احمد
سہیل احمد اپنے اصل نام سے کم اور "عزیزی" عرفیت سے زیادہ مقبول ہیں۔ وہ ٹیلی ویژن کے مشہور سیاسی پروگرام "حسب حال" کی وجہ سے آج بھی شہرت کی بلندیوں پر ہیں۔ عزیزی نے مختلف اسٹیج اور ٹی وی ڈراموں میں مزاحیہ و سنجیدہ اداکاری کے جوہر دکھائے اور ناظرین سے بھرپور داد سمیٹی۔

زید علی
انٹرنیٹ کے اس دور میں لوگ اسٹیج اور ٹی وی ڈراموں سے زیادہ فیس بک اور یوٹیوب پر وڈیوز زیادہ دیکھتے ہیں۔ اور اس ذریعہ پر زید علی جیسے نوجوان کی بادشاہت ہے۔ پاکستانی نژاد یہ نوجوان کینیڈا میں رہائش پذیر ہے اور یوٹیوب اور فیس بکر پر اپنے منفرد اور مزاحیہ خاکوں کے باعث بے مثال شہرت حاصل کرچکا ہے۔ فیس بک پر زید علی کے فینز کی تعداد لاکھوں تک پہنچ چکی ہے۔

فیس بک پر تبصرے



تبصرہ کریں