شاہد آفریدی پی ایس ایل فائنل نہیں کھیلیں گے

پاکستان سپر لیگ کے مقبول ترین کھلاڑیوں میں سے ایک شاہد آفریدی پی ایس ایل فائنل میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ وہ پلے آف مقابلے میں کراچی کنگز کے بلے باز کیرون پولارڈ کا کیچ تھامنے کی کوشش میں زخمی ہوگئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق شاہد آفریدی کی انگلی میں 12 ٹانکیں آئے ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں 10 دن آرام کا مشورہ دیا ہے۔

گیارہویں اوور کے دوران میدان سے باہر چلے جانے سے قبل شاہد آفریدی نے 2 اوورز کروائے اور 27 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کی۔ اس سے قبل وہ بلے بازی میں بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ پیش کرسکے اور پہلی ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم پشاور زلمی نے اس میچ میں کراچی کنگز کو 24 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی جہاں اس کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈیئٹرز سے ہوگا۔

میچ کے بعد شاہد آفریدی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 کے بعد ان کے لیے اپنے شائقین کو اچھا کھیل پیش کرنا بہت مشکل ثابت ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے مداحوں کے لیے مزید کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں اور ان کی خواہش تھی کہ وہ لاہور میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے تاہم ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق اب وہ اس میچ میں پشاور زلمی کی نمائندگی نہیں کرپائیں گے۔

پاکستان سپر لیگ میں آفریدی نے 10 مقابلوں میں حصہ لیا اور 25.28 کی اوسط سے 177 رنز بنائے۔ اس دوران انہوں نے کراچی کنگز کے خلاف 28 گیندوں پر 54 رنز کی زبردست باری بھی کھیلی جس میں 5 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ البتہ گیند بازی میں وہ قابل ذکر کارکردگی پیش کرنے میں ناکام رہے اور مجموعی طور پر صرف 2 ہی وکٹیں حاصل کرپائے۔

اب سے چند روز قبل شاہد آفریدی پشاور بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے اور خود کو صرف لیگ کرکٹ تک محدود رکھنے کا بھی اعلان کرچکے ہیں۔

فیس بک پر تبصرے



تبصرہ کریں