افغان کھلاڑی محمد شہزاد نے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا

افغانستان کرکٹ ٹیم کے محمد شہزاد بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے چوتھے بلے باز بن گئے ہیں۔ 29 سالہ وکٹ کیپر بلے باز محمد شہزاد نے 58 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں 1779 رنز بنائے ہیں جبکہ ویرات کوہلی نے 48 میچز میں 1709 بنا رکھے ہیں۔

آئرلینڈ کے خلاف افغانستان کی تین ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی سیریز گزشتہ روز تمام ہوئی ہے۔ آئرلینڈ کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں محمد شہزاد نے 72 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ صرف 43 گیندوں پر مشتمل اس اننگز میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل رہے۔ سیریز میں مجموعی طور پر انہوں نے 123 رنز بنائے اور قومی ٹیم کے دوسرے بہترین بلے باز قرار پائے جبکہ اس فہرست میں ان سے آگے واحد کھلاڑی 124 رنز بنانے والے محمد نبی رہے۔

ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں نیوزی لینڈ کے برینڈم میکلولم سرفہرست ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر سری لنکا کے تلکارتنے دلشان اور تیسرے نمبر پر نیوزی لینڈ ہی کے مارٹن گپٹل موجود ہیں۔ فہرست کے ابتدائی دونوں بلے باز بریڈم میکلوم اور تکارتنے دلشان ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائر ہوچکے ہیں اس لیے محمد شہزاد کا اصل مقابلہ مارٹن گپٹل سے ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں کے درمیان صرف 27 رنز کا فرق ہے اور محمد شہزاد کی فارم اور اوسط دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ انہیں اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے محض ایک اننگز درکار ہے۔

افغان کرکٹ ٹیم کی بہتر سے بہتر ہوتی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آئرلینڈ کو 3-0 سے شکست دے کر انہوں نے مسلسل فتوحات کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ مارچ 2016 سے افغان ٹیم ٹی ٹوئنٹی میں ناقابل شکست رہتے ہوئے 9 مقابلوں میں فتح اپنے نام کرچکی ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ انگلستان اور آئرلینڈ کے پاس تھا جنہوں نے 8 مسلسل فتوحات حاصل کر رکھی تھیں۔

افغان کرکٹ ٹیم کی مسلسل فتوحات کا آغاز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو شکست دینے سے ہوا جس کے بعد افغان ٹیم نے متحدہ عرب امارات، آئرلینڈ اور عمان کو چاروں شانے چت کیا۔

فیس بک پر تبصرے



تبصرہ کریں