نیا کاروبار شروع کرنے سے متعلق کامیاب شخصیات کے مشورے

نئے کاروبار کی بنیاد رکھنا ایک مشکل کام ہے لیکن اس کاروبار کو کامیابی سے چلانا اس سے بھی کہیں زیادہ مشکل ہے۔ ایک کاروباری ادارے کو کامیاب بنانے کے لیے معاشی وسائل کا حصول، بہترین ٹیم کی تشکیل اور صارفین کو متوجہ کرنے جیسے بنیادی و مشکل معاملات درپیش ہوسکتے ہیں۔ اس ضمن میں معروف انگریزی ویب سائٹ بزنس انسائڈر نے چند ایسی شخصیات سے بات کی جو گزرے چند سالوں کے دوران نئے کاروبار کی بنیادی رکھنے اور انہیں کامیابی سے ہمکنار کرنے کے تمام مراحل سے گزر چکے ہیں۔

ان کامیاب شخصیات کا تعلق اور پس منظر مختلف شعبوں سے ہے البتہ ان میں ایک بات مشترک ہے اور وہ ٹیکنالوجی کا مفید استعمال کرنے میں مہارت۔ ان شخصیات نے نئے کاروبار کا آغاز کرنے والوں کے لیے جو چند اہم مشورے دیئے وہ حسب ذیل ہیں۔

خود اعتمادی پیدا کریں
27 سالہ وائٹنی وولف ایک معروف اسمارٹ فون ایپ کمپنی کی خالق ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ خود اپنے اوپر اعتماد کرنے والے لوگ ہی کامیاب ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار شروع کرنے کے لیے دوسروں کے بجائے اپنی سنیں، قریبی لوگوں سے مشورہ لینا اچھی بات ہے لیکن اصل اہمیت خود آپ کی اور آپ کے احساسات کی ہے۔ اگر آپ کسی کام کو کرکے مطمئن ہوتے ہیں تو اسے بھرپور اعتماد سے انجام دیں۔ اگر آپ خود اپنی عزت نہیں کریں گے اور اپنے خیالات کو اہمیت نہیں دیں گے تو کسی دوسرے سے بھلا ان چیزوں کی توقع کیسے رکھ سکتے ہیں۔

بے تکے آئیڈیاز پر توجہ دیں
مائیکل ہل کینیڈی مشروبات بنانے والے ادارے کے بانی ہیں۔ 29 سالہ مائیکل کہتے ہیں کہ جب کبھی دماغ میں بے تکا کاروباری خیال آئے تو اسے ہرگز نظر انداز نہ کریں بلکہ پوری توجہ کے ساتھ اس پر غور کریں۔ ممکن ہے اس دوران آپ کو ناکام ہوجانے یا لوگوں کی نظر میں بدھو بن جانے کا خوف لاحق ہوجائے، لیکن اگر آپ قدم نہیں اٹھائیں گے تو بھلا کامیابی کی طرف کیسے بڑھ پائیں گے۔ اس لیے نت نئے کاروبار شروع کرنے کی کوشش کریں اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے اپنا لوہا خود منوائیں۔

شور و غل کو نظر انداز کریں
28 سالہ میکسم رزماخن مشروبات گھروں تک پہنچانے والی کمپنی کے شریک بانی ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ جب آپ نئے آئیڈٰیے پر کاروبار شروع کرتے ہیں تو اسے سراہنے والے لوگ کم ہوتے ہیں اور دیگر باتیں بنانے والے زیادہ۔ ایسے میں آپ کو اپنے ادارے سے متعلق کی جانے والی ہر بات کو توجہ دینے کی ضرورت نہیں۔ تعریف اور تنقید کو توجہ ضرور دیں اور اس کے مطابق بنیادی اصلاحات بھی انجام دیں، لیکن انہیں اپنے دماغ میں اس سے زیادہ جگہ نہ دیں کہ جتنے کے یہ حقدار ہیں۔ اگر آپ اپنے مسابقت کاروں سے لڑنے بھڑںے میں وقت صرف کریں گے تو بھلا کام کب کریں گے؟

اپنے شعبے سے متعلق جانیں
امبر باکس ایک ایسی سروس کی شریک بانی اور صدر ہیں کہ جو لوگوں کو آن لائن کمائی کے موقع فراہم کرتی ہے۔ 29 سالہ امبر کہتے ہیں کہ کسی بھی شعبے میں کامیابی کے لیے اس سے متعلق بھرپور معلومات ہونا لازمی ہے۔ اس سے آپ کو علم ہوگا کہ شعبے کے صارفین کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں اور یوں آپ ان کی خواہش پوری کر کے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں گے۔ امبر کہتی ہیں کہ نئے کاروباری مواقع ہمارے آس پاس موجود ہوتے ہیں اور ہمارا کام بس انہیں تلاشنا ہے۔ آپ بھی اپنے آس پاس نظر گمائیں اور دیکھیں کہ لوگوں کو کس کام میں مشکل کا سامنا ہے اور پھر انہیں اس مشکل کا آسان حل فراہم کریں۔ جب آپ کے اپنے اس سروس سے مستفید ہونے لگیں گے تب آپ کا کاروبار بھی دن دگنی رات چگنی ترقی کرے گا۔

فیس بک پر تبصرے



تبصرہ کریں