تنخواہ میں اضافہ نہ ہونے کی 4 وجوہات

دفتر میں جب ہر کسی کی تنخواہ اور مراعات میں اضافہ ہورہا ہے تو بھلا آپ اس سے کیوں محروم ہیں؟ یہ امر حیران کن ہی نہیں بلکہ پریشان کن ہے۔ لیکن اس کے جواب میں یہ سوچتے رہنا کہ کہیں ایسا تو نہیں یا کہیں ویسا تو نہیں، آپ کو اور زیادہ الجھن میں مبتلا کرسکتا ہے۔ اس لیے بہتر ہے کہ کچھ وقت نکال کر اطمینان سے ایک جگہ بیٹھ جائیں اور ان وجوہات پر غور کریں کہ جو آپ کی تنخواہ میں اضافہ نہ ہونے کا باعث بن سکتی ہیں۔ ذیل میں ایسی ہی چند وجوہات درج ہیں جن پر غور کر کے آپ مسئلہ کی نشاندہی اور پھر اسے جلد حل بھی کرسکتے ہیں۔

آپ نے خواہش ہی نہیں
تنخواہ میں اضافہ نہ ہونے پر برہم اکثر لوگ اپنی مراعات میں اضافے کے لیے درخواست ہی نہیں دیتے۔ یہ سوچ اچھی ہے کہ ادارے کے مالک کو آپ کے کام کی قدر کرتے ہوئے بذات خود یہ فیصلہ کرنا چاہیے، اور ایسا کئی اداروں میں ہوتا بھی ہے، لیکن اکثر دفاتر میں اس معاملے میں پہل آپ ہی کو کرنی ہوتی ہے۔ اپنے حق کے لیے آواز اٹھانے کے ساتھ اپنے کام کی اہمیت بھی جتائیں اور باور کروائیں کہ ایک عرصے بعد آپ کو تنخواہ میں اضافے کی ضرورت ہے۔

اپنی اہمیت بیان کرنے میں ناکامی
ممکن ہے کہ آپ نے درخواست دینے کا طریقہ آزمالیا ہو اور پھر بھی تنخواہ میں اضافہ نہ کروا پائے ہوں۔ ایسا اکثر تب ہوتا ہے جب آپ کی درخواست غیر واضح ہو اور آپ اپنی اور اپنے کام کی اہمیت درست انداز سے بیان نہ کرپائے ہوں۔ درخواست میں محض یہ لکھ دینا کہ میں اضافہ تنخواہ لینا چاہتا ہوں، یا فلانے کی تنخواہ بڑھ گئی ہے تو میری بھی بڑھائی جائے وغیرہ مناسب نہیں ہے۔ آپ کو تنخواہ میں اضافے کی خواہش ظاہر کرنے کے ساتھ اس کی ٹھوس وجوہات بھی بیان کرنا ہوں گی، مثلاً یہ کہ آپ نے فلاں فلاں اہداف حاصل کرلیے ہیں، اپنی ذمہ داریوں کو احسن انداز سے نبھاتے رہے ہیں مگر آپ کا کام پہلے سے زیادہ ہوچکا ہے، یا گھریلو اخراجات بڑھ گئے ہیں اس لیے آپ کو ذہنی سکون اور یکسوئی سے کام جاری رکھنے کے لیے تنخواہ میں اضافہ درکار ہے۔

گزشتہ اضافے کو زیادہ وقت نہیں گزرا
یوں تو ہر ادارے کے اپنے مختلف قوانین ہوتے ہیں لیکن عام طور پر تنخواہ بڑھنے کا دورانیہ سال بھر سے کم نہیں ہوتا۔ اس لیے اگر آپ کی تنخواہ 6 یا 8 مہینے پہلے ہی بڑھائی گئی ہے تو پھر اس بات کا امکان موجود ہے کہ آپ کی درخواست رد کردی جائے۔ البتہ اگر آپ کی ترقی کرتے ہوئے اضافی ذمہ داریاں عائد کردی گئی ہیں لیکن تنخواہ میں اضافہ نہیں کیا گیا تو پھر آپ اسے بنیادی بنا کر اپنی درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے باوجود یہ بات ذہن میں رکھیے کہ ایک سال سے پہلے تنخواہ بڑھنے کے امکانات بہت کم ہوتے ہیں۔

آپ کی کارکردگی اچھی نہیں رہی
اکثر ملازمین اپنی تنخواہ میں ایک بار اضافہ ہوجانے کے 'کمفرٹ زون' میں چلے جاتے ہیں اور پھر عرصے تک اسی میں گم رہتے ہیں۔ اس سے ان کی کارکردگی ویسی نہیں رہ پاتی کہ جیسی ان سے توقع رکھی جاتی ہے۔ ایسے میں اگلی بار تنخواہ میں اضافے سے پہلے مالکان کو یہ بات بھی کھٹکتی رہتی کہ پچھلی مرتبہ اضافہ کر کے کچھ حاصل نہیں ہوا بلکہ آپ کی کارکردگی کی وجہ سے ادارے کو نقصان اٹھانا پڑا۔ ایسے صورتحال میں خود اپنے آپ کو جانچنے کی ضرورت ہے کہ آیا آپ پہلے سے زیادہ بہتر اور ادارے کے لیے اہم بنے ہیں یا پھر محض ایک بوجھ بنتے جارہے ہیں۔ اس کو جتنی جلدی محسوس کرلیا جائے اتنا ہی اچھا ہے ورنہ لمبے عرصے تک کارکردگی اطمینان بخش نہ ہونے پر آپ کی تںخواہ میں اضافہ تو ایک طرف، ملازمت ہی سے ہاتھ دھونا پڑ سکتے ہیں۔

فیس بک پر تبصرے



تبصرہ کریں