بھارتی کپتان آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے باہر

آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے آخری ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم اپنے مستقل کپتان کے بغیر میدان میں اترے گی۔ ویرات کوہلی گزشتہ ٹیسٹ کے پہلے روز کاندھا زخمی کروا بیٹھے تھے گو کہ اس کے بعد انہوں نے بلے بازی بھی کی تاہم حتمی ٹیسٹ سے قبل تکلیف میں شدت کے باعث انہوں نے آرام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دورہ بھارت پر موجود آسٹریلیا کی ٹیم گزشتہ تین میں سے ایک ٹیسٹ میں کامیابی اور ایک میں شکست کھا چکی ہے جبکہ سیریز کا تیسرا میچ بغیر کسی نتیجے پر ختم ہوا۔ یوں چار میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے اور اسی لیے چوتھے و آخری ٹیسٹ کو بہت زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے۔

ویرات کوہلی کی عدم موجودگی میں بھارت کے مڈل آرڈر بلے باز اجنکیا ریحانے قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ آج، بروز ہفتہ، شروع ہونے والے آخری ٹیسٹ کے لیے بھارتی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اسپنر کلدیپ یادو اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کر رہے ہیں جبکہ اشانت شرما کی جگہ بھویش کمار کو حتمی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ مہمان ٹیم بغیر کسی تبدیلی کے میدان میں اتری ہے۔

اگر آسٹریلیا کی ٹیم آخری میچ میں میزبان کو شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلے تو یہ 13 سال بعد بھارت کے خلاف پہلی ٹیسٹ سیریز فتح ہوگی۔ تاہم اس میچ میں شکست یا پھر بلانتیجہ ختم ہونے کے باوجود بھارتی ٹیم ٹیسٹ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی میں بدستور سر فہرست رہے گی۔

فیس بک پر تبصرے



تبصرہ کریں