سال 2018ء کے پانچ بہترین اسمارٹ فونز

سال 2018ء اپنے اختتام کے قریب ہے اور اس سال بھی ہم نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں کئی سنگِ میل عبور کیے بالخصوص اسمارٹ فونز میں۔ اگر سال کے پانچ بہترین اسمارٹ فونزکا انتخاب کیا جائے تو بلاشبہ کہ سب نمبر ایک قرار دیے جا سکتے ہیں کیونکہ اب مقابلہ اتنا سخت ہو چکا ہے۔ آئیے سال 2018ء کے بہترین اسمارٹ فونز کا جائزہ لیتے ہیں لیکن یاد رکھیں یہ بہت مہنگے فونز ہیں البتہ انہیں ایک سال استعمال کے بعد بدلنے کی ضرورت نہیں۔

1۔ سام سنگ گلیکسی نوٹ 9

سام سنگ کا گلیکسی نوٹ9 بلاشبہ سال 2018ء کا سب سے بہترین فون ہے اور اپنے بڑے حریف ایپل آئی فون اور گوگل پکسل کو باآسانی شکست دے سکتا ہے۔ اس میں بلوٹوتھ S پین ہے، زیادہ اسٹوریج اور ریم کے ساتھ ہی جاندار بیٹری بھی۔اس کے ڈوئل کیمرے بھی بہترین ہیں اور سافٹ ویئر کی مدد سے ناقابلِ یقین نتائج دیتے ہیں۔ پانی سے محفوظ، تیز رفتاروائرلیس چارجنگ، سپر ایمولیڈ اسکرین، مائیکرو ایس ڈی کارڈ کے ذریعے اسٹوریج بڑھانے کی سہولت، 3.5 ملی میٹر جیک اور بہت کچھ بھی اس فون میں ہے۔ لیکن دل تھام کے بیٹھیں کہ اس فون کی قیمت لگ بھگ ایک لاکھ 40 ہزار روپے ہے۔


2۔ ہواوی میٹ 20 پرو

ہواوی نے حال ہی میں کئی خوبیوں کا حامل فون میٹ 20 پرو لانچ کیا جسے پچھاڑنا بلاشبہ کئی فونز کے لیے مشکل ہے۔ میٹ20 پرو میں پہلا اینڈرائیڈ 7nm پروسیس چپ سیٹ ہے کہ جس میں دو نیورل پروسیسنگ یونٹس، ایک فورتھ جنریشن امیج سگنل پروسیسر اور ایک LTE کیٹ 21 موڈیم نصب ہے۔ اس میں پشت پر تین کیمرے لگے ہوئے ہیں، ایک 40 میگا پکسل کا اور باقی 20 اور 8 میگا پکسل ریزولیوشن کے جبکہ سیلفی کے لیے بھی 24 میگاپکسل کا جاندار کیمرا موجود ہے۔ کیمرا سافٹ ویئر آپ کو ناقابلِ یقین تصاویر لینے کی سہولت دیتا ہے۔ 6.39 انچ کی اولیڈ اسکرین کے حامل اس فون میں اینڈرائیڈ 9.0 پائی انسٹالڈ ہے جبکہ یہ نیلے، سبز، سیاہ، گلابی اور سنہری رنگوں میں دستیاب ہے۔ اس کا فنگر پرنٹ اسکینر بھی اسکرین کے اندر لگا ہوا ہے اور بیٹری تو ہواوی کے دوسرے فونز کی طرح ہے ہی جاندار۔ یعنی یہ گلیکسی نوٹ 9 کی ٹکرکا فون ہے اگر آپ ہواوی پسند کریں تو۔


3۔ گوگل پکسل 3 ایکس ایل

اگر آپ اینڈرائیڈ فون صارف ہیں تو تازہ ترین فرم ویئر اور سکیورٹی اپڈیٹس حاصل کرنا آپ کی بھی ترجیح ہوگا اور سام سنگ اور ہواوی کے صارفین کو پتہ ہے کہ یہ کام اُن کے لیے آسان نہیں۔ اِس لیے صارفین گوگل کی ڈیوائسز لینا پسند کرتے ہیں جس نے رواں سال پکسل 3 اور پکسل 3 ایکس ایل پیش کیے۔ پکسل 3 ایکس ایل میں 6.3 انچ اور پکسل 3 میں 5.5 انچ کی اسکرینیں ہیں۔ اِس سال پکسل فونز میں وائرلیس چارجنگ شامل کی گئی ہیں۔ دونوں فونز میں اینڈرائیڈ 9.0 پائی نصب ہے اور اسے تین سال تک آپریٹنگ سسٹم کی فوری اپگریڈز ملیں گے، کسی بھی دوسرے فون سے پہلے۔ ان دونوں کے کیمرے شاندار فوٹوگرافی میں مدد دیتے ہیں۔ اس لیے سافٹ ویئر کے ساتھ ساتھ اگر پکسل فون لینے کی کوئی اور وجہ ہو سکتی ہے تو وہ اس کا کیمرا ہے۔


4۔ ایپل آئی فون ایکس ایس میکس/ ایکس ایس

ایپل نے 2018ء میں اپنی تاریخ کا مہنگا ترین فون آئی فون ایکس ایس میکس پیش کیا جو بینچ مارکنگ ٹیسٹ میں شاندار نمبرز حاصل کرکے سال کے بہترین فونز میں شامل ہوا جس کی وجہ ہے اس کی اے12 بایونک چپ سیٹ۔ اس کے علاوہ اولیڈ اسکرین، بہترین بیٹری اور نیا کیمرا سافٹویئر بھی اس فون کو بہترین فونز میں لاتا ہے۔ لیکن آئی فون ہمیشہ کی طرح قیمت میں بھی سب سے آگے آگے ہے۔ آئی فون ایکس ایس میکس کی قیمت پاکستان میں ایک لاکھ 84 ہزار روپے ہے جبکہ ایکس ایس ایک لاکھ 66 ہزار روپے کا ہے۔


5۔ ون پلس 6 ٹی

ون پلس نے اکتوبر 2018ء کے آخری ایام میں اپنا نیا فون ون پلس 6ٹی پیش کیا۔ اپنی بہترین صلاحیتوں اور مناسب قیمت کی وجہ سے یہ کسی بھی فہرست میں دنیا کے ٹاپ 5 فونز میں شامل ہو سکتا ہے۔ اس میں کم از کم ریم 6 جی بی ہے اور اسٹوریج 128 جی بی جبکہ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والے آپشنز بھی موجود ہیں۔ یہ گوریلا گلاس 6 استعمال کرنے والا یہ دنیا کا واحد فون ہے۔ اس فون کا ڈیزائن بھی عمدہ ہے اور بلڈ کوالٹی بھی شاندار۔ 6.41 انچ کے ایمولیڈ ڈسپلے، کویلکوم کے اسنیپ ڈریگن 845 پروسیسر اور ڈوئل کیمرے کے ساتھ یہ گرد اور پانی سے تحفظ بھی دیتا ہے۔ یہ سب کچھ ہے بہت ہی مناسب قیمت پر، گو کہ یہ فون ابھی پاکستان میں لانچ نہیں ہوا لیکن توقع ہے کہ اس کی قیمت 70 ہزار روپے تک ہوگی۔ یعنی کہ ایک گلیکسی نوٹ9 کی قیمت میں دو ون پلس 6 ٹی آ سکتے ہیں، جو بہترین سودا ہے۔

فیس بک پر تبصرے



تبصرہ کریں