‏2019ء، 5جی کا سال

ایک لمحے کے لیے تصور کیجیے کہ آپ کی زندگی سے اسمارٹ فونز یا دیگر موبائل ڈیوائسز کو نکال دیا گیا ہے، شاید اکثریت کے لیے یہ تصور کرنا بھی عذاب ہوگا۔ چند ہی سالوں اسمارٹ فونز ہماری زندگی کا لازمی حصہ بن گئے ہیں اور اس میں اہم ترین کردار ادا کیا تیز رفتار نیٹ ورکس نے جو کلاؤڈ ٹیکنالوجی کی مدد سے ہماری زندگیوں میں کئی سہولیات لے کر آئے۔ کریم اور اوبر جیسی رائیڈ شیئرنگ سے لے کر نیٹ فلکس جیسی ہائی ڈیفینشن انٹرنیٹمنٹ تک بلکہ اب ہماری روزمرہ زندگی کا عام حصہ بن جانے والی واٹس ایپ اور اسکائپ وڈیو کالز تک، یہ سب کچھ ممکن ہوا 3جی اور 4جی ٹیکنالوجی سے اور اب دنیا اگلی منزلوں کی جانب قدم اٹھا رہی ہے، یعنی 5جی کی طرف!

ایک اندازے کے مطابق 5جی کی رفتار 20 گیگابٹس فی سیکنڈ تک ہوگی اور یہ 4جی کے مقابلے میں 100 گنا زیادہ گنجائش رکھتی ہے۔ 5جی صارفین کا انٹرنیٹ تجربہ تو بہتر ہوگا ہی لیکن ساتھ ہی یہ ٹیکنالوجی میں جدت کے نئے دروازے بھی کھولے گی۔

5جی کی تیاری پہلے دن سے تیز رفتاری کے لیے کی جا رہی ہے، ایسا وائرلیس کنیکشن جو فائبر جیسی رفتار دے اور لامحدود ڈیٹا کی نہ ختم ہونے والی طلب پیدا کرے۔ ڈاؤنلوڈ کی رفتار بہتر ہونے سے وڈیو اسٹریمنگ کا معیار بھی مزید بہتر ہوگا اور کلاؤڈ تک فوری رسائی بھی ملے گی۔ نئے سال میں متعدد 5جی ڈیوائسز بھی منظر عام پر آئیں گی جن پر آپ اپنی پسندیدہ سیریز ڈاؤنلوڈ کر پائيں گے، کبھی بھی، کہیں بھی، یا پھر دفتر کے کسی ساتھی کی جانب سے بھیجی گئی بھاری بھرکم فائل بھی پلک جھپکتے میں حاصل کر پائیں گے۔ 5جی کنیکٹیوٹی کلاؤڈ سروسز کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی۔

اس سے آن لائن گیمنگ کمیونٹی میں شامل افراد کو لائیو اسٹریم گیم پلے اور لیول ڈاؤنلوڈز میں مدد ملے گی۔ فرسٹ-پرسن شوٹر گیمز، جیسا کہ کاؤنٹر اسٹرائیک، وغیرہ کھیلنے والے سمجھتے ہیں کہ کنکشن کی تیز رفتاری کتنی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ ایک لمحہ گیم میں آپ کے کریکٹر کے لیے زندگی و موت کا فرق رکھتا ہے۔

5جی ٹیکنالوجی اسمارٹ شہروں کی تعمیر، سماجی بہبود کی خدمات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ نئی جدتوں کی بھی راہ ہموار کرے گی۔

فیس بک پر تبصرے



تبصرہ کریں