‏10 ٹیکنالوجی مصنوعات جو آپ نئے سال میں خریدنا چاہیں گے

انسان نے اتنی ترقی گزشتہ ہزاروں سالوں میں نہیں کی ہوگی، جتنی اکیسویں صدی کے ابتدائی 18 سالوں میں کرلی ہے۔ ہرنیا سال ٹیکنالوجی کی دنیا میں نئی تبدیلیاں لا رہا ہے۔ جو کچھ عرصہ قبل تک خوابوں کی بات تھی، اب حقیقت کا روپ دھار چکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم 2019ء میں بہت ساری ٹیکنالوجی کو عام زندگی کا حصہ بنتے دیکھیں گے اور اندازہ ہے کہ رواں سال یہ مصنوعات خرید کر ہم اپنی زندگیوں کو تبدیل کریں گے۔

وی آر ہیڈسیٹ

آپ اوکولس رِفٹ کے ذریعے وی آر گیمنگ کی حیران کن دنیا میں داخل ہو سکتے ہیں لیکن اس کے لیے آپ کو ایک طاقتور پرسنل کمپیوٹر کی ضرورت ہے۔ البتہ تھوڑا سا انتظار کریں کہ اوکولس کوئسٹ بھی میدان میں آ جائے جو آل اِن ون گیمنگ سسٹم ہے جسے ورچوئل ریئلٹی کے لیے تیار کیا گیا ہے اور اس کے لیے کسی پی سی کی ضرورت بھی نہیں۔ صرف وی آر ہیڈسیٹ پہنیں، کنٹرولر پکڑیں اور گیمنگ کی نئی دنیا میں داخل ہو جائیں۔


سام سنگ فولڈیبل فون

بلاشبہ سام سنگ کا گلیکسی ایس9 بہترین فون ہے اور گلیکسی 10 اس سے بھی اچھا ہوگا لیکن رواں سال سام سنگ کے فولڈیبل فون کی متوقع آمد کا ٹیکنالوجی گیجٹس کے شوقین افراد شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔ ایک یہ ٹیبلٹ ڈیوائس ہے جس کی اسکرین اتنی لچکدار ہے کہ اسے تہہ کرکے فون  بنایا جا سکتا ہے۔ یہ نئی ڈسپلے ٹیکنالوجی ہے جسے انفینٹی فلیکس ڈسپلے کہا جا رہا ہے۔


وائرلیس چارجنگ، پورے کمرے میں

آئی فون اور اینڈرائیڈ فونز کو وائرلیس چارج کرنے کے لیے مختلف چیزیں مارکیٹ میں موجود ہیں لیکن جلد ہی چارجنگ کا ایسا نظام آنے والا ہے جس سے آپ ڈیوائس کو چارجنگ اسٹیشن پر رکھنا بلکہ چارجنگ کے بارے میں سوچنا تک بھول جائیں گے۔ چارجرز کی یہ نئی دنیا کہتی ہے کہ آپ کمرے میں داخل ہوں اور آپ کا فون خود بخود چارج ہو جائے۔ ویسے ہی جیسے گھر میں آتے ہی ہمارا فون وائی فائی سے منسلک ہو جاتا ہے۔


5جی

ہمارے فونز پر انٹرنیٹ رفتار اب کہیں زیادہ تیز ہونے والی ہے کیونکہ 5جی جلد ہی رونمائی کرنے والا ہے۔ 5جی ٹیکنالوجی زیادہ رفتار، کم latency اور بیک وقت کہیں زیادہ ڈیوائسز کو کنیکٹ رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔


ساؤنڈ آن ڈسپلے پینل

سام سنگ نے CES 2019 میں "ساؤنڈ آن ڈسپلے" (SoD) پینل کی رونمائی کی تھی۔ یہ پینل آواز کو ڈسپلے سے ہی آنے کی اجازت دیتی ہے، یعنی اسپیکرز کی ضرورت ہی نہیں۔ ساؤنڈ آن ڈسپلے کمپنی کو موقع دیتا ہے کہ یہ اسکرین کے نیچے ایک اور کمپونینٹ شامل کرے اور ڈسپلے کے لیے مزید جگہ بنا لے۔


گیمنگ کمپیوٹرز

ایک اندازے کے مطابق رواں سال 2.3 ارب گیمرز گیمز پر 137.9 ارب ڈالرز خرچ کریں گے۔ گیمرز اپنے گیمنگ کمپیوٹرز کو بہتر بنانے کے لیے ہزاروں ڈالرز بھی خرچ کرنے کو تیار ہو جاتے ہیں تاکہ ایکشن تیز تر ہو اور گیم زبردست لگے۔ کیا آپ بھی 2019ء میں کوئی گیمنگ پی سی یا گیجٹ خریدیں گے؟


ڈرونز

پاکستان میں گزشتہ چند سالوں سے جس طرح سیاحت فروغ پا رہی ہے، ساتھ ہی اپنے سفر کو بہتر سے بہتر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے نت نئے گیجٹس بھی خوب فروخت ہو رہے ہیں، جیسا کہ ڈرون۔ معروف وِلاگر عرفان جونیجو کے بقول "سارے پیسے ڈرون کے ہیں"، جی ہاں! ڈرون کے نتیجے میں آپ کو اپنی اور مناظر کی تصاویر لینے کو لیے جو زاویے ملتے ہیں، وہ ناقابلِ بیان ہیں۔ اس لیے توقع ہے کہ اس سال ڈرونز کی فروخت میں مزید اضافہ ہوگا اور ہم پاکستان بھر کے علاقوں کی مزید خوبصورت وڈیوز یوٹیوب پر دیکھیں گے۔


ویئریبل

ویئریبل کی دنیا میں ایپل واچ بہترین ہے، لیکن یہ مہنگی بھی ہے، وہ الگ بات کہ یہ اس قیمت کی حقدار ہے۔ ایپل واچ سیریز 4 میں متعدد چیزیں اپگریڈ کی گئی ہیں جیسا کہ بڑا اور بہتر ڈسپلے، تیز رفتار اور زیادہ آواز کا حامل اسپیکر۔ یہ دل کی دھڑکن کی تیز اور کم شرح کو ناپ سکتا ہے اور اس کی تفصیلی جانچ کے لیے ECG ایپ رکھتا ہے۔


خودکار گاڑیاں

گو کہ ابھی تک خودکار گاڑیاں فروخت کے لیے پیش نہیں کی گئیں لیکن اب تک اس ضمن میں کافی پیشرفت ہو چکی ہے۔ مستقبل میں مسافروں کی گاڑی میں موجودگی کو بھانپ لینے اور پچھلے دروازوں کو خودکار طور پر لاک کر دینے اور مخصوص مقامات پر گاڑی کو جانے سے روکنے کی خصوصیات آنے والی ہیں۔ مستقبلِ قریب میں آنے والی گاڑیاں ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھنے والے کا چہرہ پہچاننے کی صلاحیت بھی رکھیں گی اور نئی گاڑی اپنے ڈرائیور کے بیٹھنے کے انداز، آنکھوں کی حرکت اور دل کی دھڑکن کی رفتار جانچ کر اس  کی ڈرائیونگ کو آرام دہ بنائے گی۔


اسمارٹ  ہوم ہب

گوگل اور ایمیزن کے درمیان گھر کے کمانڈ سینٹر بننے کی جنگ اب کافی بڑھ چکی ہے۔ گوگل کو کچھ برتری حاصل ہے کہ جس کی "گوگل ہوم" مصنوعات کافی فروخت ہو رہی ہیں جبکہ ایمیزن کا "ایکو ڈاٹ" وغیرہ بھی پیچھے نہیں۔ ان کی مدد سے آ پ نہ صرف اپنے گھر کی روشنیاں کھولنے یا بند کرنے کے احکامات دے سکتے ہیں بلکہ کسی اخبار کی سرخیاں پڑھنے، موسم کا حال، کسی بھی کھیل میں اسکور  معلوم کرنے جیسے کئی کام کر سکتے ہیں وہ بھی صرف آواز کے ذریعے حکم دے کر۔

فیس بک پر تبصرے



تبصرہ کریں