صرف 10 سیکنڈ میں دانت صاف کرنے والا برش

دنیا کا سب سے بڑا کنزیومرالیکٹرونکس شو ہر سال امریکا کے شہر لاس ویگاس میں ہوتا ہےاور اس سال بھی اس شو میں عجیب و غریب مصنوعات پیش کی گئی ہیں جیسا کہ فیڈنگ باؤل جو آپ کی بلی کو پہچان کر کھاتے ہوئے اس کی تصاویر لے سکتا ہے، ایمرجنسی گاڑیاں جو زلزلے یا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھی کام کر سکتی ہیں، ایک ڈیوائس جو آپ کے چہرے کی قریب سے تصاویر لے کر اس پر موجود چھوٹی موٹی خامیوں جیسا کہ گڑھے وغیرہ کو چھپانے کے لیے میک اپ کر سکتی ہے اور ایک ایسا ٹوتھ برش بھی جو صرف دس سیکنڈوں میں آپ کے دانت صاف کر سکتا ہے۔

وائی-برش نامی ٹوتھ برش چار مختلف سائز میں آتا ہے۔ یہ دانتوں کے اوپر فٹ ہو جاتا ہےاور وائبریشن کے دوران اس کے نفیس نائلون برسٹل دانتوں کو صاف کرتے ہیں۔ اس میں عام ٹوتھ پیسٹ ہی استعمال ہوتا ہے۔

یہ دیکھنے میں عام ٹوتھ برش جیسا نہیں بلکہ یہ مختلف کھیلوں، جیسا کہ باکسنگ،  میں استعمال ہونے والے ماؤتھ گارڈ جیسا ہے۔ اس کی شکل کی وجہ سے ہی اسے Y برش کہا جا رہا ہے۔

استعمال کے لیے اس پر کوئی بھی ٹوتھ پیسٹ لگائیں، وائی برش کو منہ میں ڈالیں اور موٹر کھول دیں۔ برش کے وائبریٹ ہونے کے دوران آپ کو پانچ سیکنڈ کے لیے دانت اس طرح چلانا ہوں گے جیسے آپ چباتے ہوئے چلاتے ہیں۔ پھر الٹ کے دوسری طرف کے دانت بھی صاف کرلیں، یعنی پہلے اوپر اور پھر نیچے کے۔

وائی-برش کی قیمت 125 امریکی ڈالرز ہے اور آجکل ایک اچھا الیکٹرک ٹوتھ برش بھی اسی قیمت میں ملتا ہے۔ اس کے ساتھ چارجنگ اسٹیشن اور اسٹوریج پوڈ بھی ملتا ہے۔ اس برش کی فراہمی اپریل 2019ء سے شروع ہونا متوقع ہے، جس کے لیے آپ ابھی سے آرڈر دے سکتے ہیں۔

فیس بک پر تبصرے



تبصرہ کریں