مستقبل کا اسمارٹ فون، کوئی پورٹ نہیں، کوئی تار نہیں، کوئی بٹن نہیں

چین کے مقبول ترین برانڈز میں سے ایک میزو (Meizu) نے اپنے جدید ترین فون کی رونمائی کردی ہے۔ Zero نامی یہ دنیا کا پہلا ایسا فون ہے جس میں کوئی سوراخ نہیں ہے یعنی نہ اس میں کوئی پورٹ ہے اور نہ ہی کوئی تار اس میں لگتا ہے۔ یہاں تک کہ اس میں اسپیکر کے لیے بھی کوئی سوراخ نہیں۔ فون آواز کے لیے جدید ٹیکنالوجی "mSound 2.0" استعمال کرتا ہے جس کے ذریعے آواز براہ راست اسکرین میں سے آتی ہے۔

اس فون میں 5.99 انچ کی OLED ڈسپلے اسکرین ہے جس کے اندر ہی فنگر پرنٹ اسکینر اسکینر نصب ہے اور ساتھ ہی چہرہ پہچاننے کے لیے سیلفی کیمرا بھی۔

کیونکہ فون میں کوئی پورٹ نہیں اس لیے آپ اسے تار کے ذریعے چارج نہیں کر سکتے۔ اس کو چارج کرنے کا واحد طریقہ وائرلیس چارجنگ ہے۔ میزو سپر فاسٹ وائرلیس چارجنگ کو سپورٹ کرتا ہے۔ اگر میزو نے 18 واٹ کا وائرلیس چارجنگ حل پیش کیا تو یہ ایپل اور سام سنگ کے مقابلے میں بہت بڑا ہوگا، جو بالترتیب 7.5 اور 9 واٹ کی اسپیڈ رکھتے ہیں۔

میزو زیرو IP68 ریٹنگ رکھتا ہے یعنی یہ پانی اور گرد سے مکمل طور پر محفوظ ہے، بالکل آئی فون XS اور سام سنگ گلیکسی S9 کی طرح۔ آپ اس فون کو دو میٹر پانی میں 30 منٹ تک رکھ سکتے ہیں اور یہ مکمل طور پر محفوظ رہے گا۔لیکن یاد رکھیں یہ واٹر پروف نہیں ہے کیونکہ بظاہر کوئی سوراخ نہ ہونے کے باوجود ان میں دو بہت معمولی سوراخ ضرور موجود ہیں، ایک مائیکروفون کے لیے اور دوسرا فون کوہارڈ ری سیٹ کرنے کے لیے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ فون مکمل طور پر واٹر پروف نہیں ہے۔

ہو سکتا ہے آپ سوچ رہے ہوں کہ فون میں سم کہاں لگے گی؟ میزو نےروایتی انداز کے بجائے ایمبیڈڈ سم کارڈ اور ای-سم ٹیکنالوجی کو اپنایا جس کی بدولت سم کی ضرورت ہی ختم ہو جاتی ہے۔

گو کہ فون میں کوئی ظاہری بٹن نہیں ہے، لیکن دونوں سائیڈوں پر ورچوئل بٹن ضرور ہیں۔ آپ کو فون بند کرنے یا کھولنے یا آواز کم زیادہ کرتے ہوئے ہلکی سی وائبریشن محسوس ہوگی۔

اسنیپ ڈریگن 845 پروسیسر اور بلوٹوتھ 5.0 کےعلاوہ اس فون میں کیا کچھ ہے؟ اس بارے میں ابھی زیادہ نہیں معلوم، اور سب سے بڑی بات قیمت اور اجراء کی تاریخ کے بارے میں بھی معلومات ظاہر نہیں کی گئیں۔ ہو سکتا ہے اگلے مہینے کے آخری ہفتے میں ہونے والی ورلڈ موبائل کانگریس میں یہ تفصیلات بھی سامنے آ جائیں۔ تب تک انتظار کرتے ہیں۔

فیس بک پر تبصرے



تبصرہ کریں