نئے سام سنگ فون میں ہوگی 1 ٹیرابائٹس کی اسٹوریج

ایسا لگتا ہے کہ سام سنگ گلیکسی S10 میں 1 ٹیرابائٹ اسٹوریج آنے کی خبریں سچ ثابت ہونے والی ہیں کیونکہ سام سنگ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے 1 ٹیرابائٹ کی یونیورسل فلیش اسٹوریج (eUFS) کی بڑے پیمانے پر پیداوار شروع کردی ہے اور یہی وہ اسٹوریج ہے جو مستقبل میں اسمارٹ فونز میں استعمال کی جائے گی۔

سام سنگ نے صرف چار سال میں eUFS کو 128 جی بی سے 1 ٹی بی تک پہنچا دیا ہے جبکہ اس کا سائز بالکل وہی ہے کہ یہ اسمارٹ فون میں استعمال ہوگی۔ یہ کتنی بڑی اسٹوریج ہے؟ اس کا اندازہ اس بات سے لگائیے کہ اس میں 10 منٹ کی 4K وڈیوز کی 260 فائلیں رکھی جا سکتی ہیں۔ ایک عام 64 جی بی کی اسٹوریج میں صرف 13 ایسی وڈیوز آ سکتی ہیں۔

یہ نہ صرف بڑی بلکہ پہلے سے تیز تر اسٹوریج بھی ہے۔ اس اسٹوریج میں ڈیٹا ٹرانسفر کی رفتار 1,000 ایم بی فی سیکنڈ ہے جو عام SSD کے مقابلے میں دوگنی رفتار ہے اور روایتی مائيکروSD کارڈ کے مقابلے میں تو 10 گنا زیادہ تیز ہے۔

بہت سے صارفین کے لیے تو ایک ٹیرابائٹ ضرورت سے کہیں زیادہ ہوگی لیکن پاور یوزرز اس کا بہت خیرمقدم کریں گے۔ جیسا کہ اگر آپ وڈیوز کے حوالے سے بہت سنجیدہ ہیں تو یہ آپ کے لیے بہت زبردست خبر ہوگی۔ لیکن یاد رکھیں کہ 1 ٹیرابائٹ اسٹوریج والا فون سستا نہیں ہوگی۔

فیس بک پر تبصرے



تبصرہ کریں