سردی کے نئے ریکارڈز، ٹرینوں کو بچانے کے لیے پٹری پر آگ لگا دی گئی

امریکا کے وسطی اور شمالی علاقوں میں برف باری اور سردی نے نظامِ زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ شکاگو میں ریلوے ملازمین کو شہر میں ٹرینوں کا نظام جاری رکھنے کے لیے ناقابلِ یقین اقدامات اٹھانے پڑ رہے ہیں۔ میٹرا کے کارکنوں نے ریلوے ٹریک پر آگ تک لگائی ہے کیونکہ درجہ حرارت منفی 28 ڈگری سے بھی تجاوز کر گیا تھا یعنی کہ شہر میں سب سے کم درجہ حرارت کا   1966ء میں بننے والا ریکارڈ تک ٹوٹ چکا ہے۔

ریلوے ترجمان کے مطابق دھاتی ریلوے ٹریک سرد موسم میں سکڑتے ہیں، جس سے ٹرین کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔ ویسے تو عام سردیوں میں ٹریکس کو سکڑنے سے بچانے کے لیے ایک ہیٹنگ سسٹم کام کرتا ہے لیکن ایسی غیر معمولی سردی میں انتظامیہ کو غیر معمولی اقدامات بھی اٹھانے پڑے ہیں۔ ریلوے کارکن مٹی کے تیل میں بھگوئی ہوئی رسیاں جمے ہوئے ٹریکس کے ساتھ رکھ رہے ہیں اور پھر انہیں آگ لگا رہے ہیں۔ اس طرح دھاتی ٹریک ایک مرتبہ پھر پھیل کر اپنی عام حالت پر آ جاتا ہے اور کارکن ان کے بولٹ لگانے یا ویلڈ کرنے کا کام کر سکتے ہیں۔

ایسے حیران کن اقدامات کے مطابق شہر میں ریلوے کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور بیشتر ریل گاڑیاں تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں۔ شہر سے باہر جانے والی تمام ٹرینیں ویسے ہی بند ہیں ۔

فیس بک پر تبصرے



تبصرہ کریں