انرجائزر اِس مہینے 26 نئے فونز لانچ کرے گا، جی ہاں! چھبیس

ہو سکتا ہے آپ بھول گئے ہوں کہ انرجائزر اسمارٹ فونز بھی بناتا ہے؟ جی ہاں! وہی کمپنی جو بیٹری سیل بنانے کے لیے معروف ہے اور اپنے خرگوش والے اشتہار کی بدولت بھی، اسمارٹ فونز کی لمبی فہرست رکھتی ہے اور ان کا خاص میدان ہے پہلوان فون بنانا، یعنی مضبوط، سخت اور ایسے جن میں بیٹری بڑی جاندار ہو۔

اِس سال موبائل ورلڈ کانگریس میں کمپنی کئی قدم آگے جائے گی کیونکہ وہ کم از کم 26 فونز لانچ کرے گی جس میں ایک فولڈیبل فون بھی ہوگا اور ایک پوپ-اپ کیمرے والا فون بھی۔

معلوم ہوا کہ ایک فون 18000 ملی ایمپیر آور بیٹری کا حامل ہوگا، جی ہاں! 18 ہزار کا۔ ہمارے بہت اچھی بیٹری رکھنے والے فون بھی 5 ہزار ملی ایمپیر آور سے زیادہ بیٹری نہیں رکھتے۔ جدید ترین آئی فون XS میکس میں بھی زیادہ سے زیادہ 3174 ملی ایمپیر آور کی بیٹری آتی ہے۔ دیکھتے ہيں اور انتظار کرتے ہیں کہ یہ جنّاتی فون مزید کیا کچھ پیش کرے گا۔

البتہ جن فونز کے بارے میں معلوم ہو چکا ہے ان میں سے ایک Ultimate U620S پوپ ہے، جو 6.2 انچ کی فل ایچ ڈی اسکرین رکھتا ہے اور اس میں پشت پر ٹرپل کیمرا نصب ہے جبکہ اس فون میں 6 جی بی کی ریم اور 128 جی بی کی اسٹوریج ہے۔ ایسے ہی دیگر فونز بھی لائن اپ میں موجود ہیں جن کی مکمل تفصیلات اور رونمائی اِس مہینے کے آخر میں بارسلونامیں ہونے والی عالمی کانگریس میں ہوگی۔

فیس بک پر تبصرے



تبصرہ کریں