عجیب و غریب آدابِ محفل

ہو سکتا ہے آپ کے ہاں جو قدم آداب میں شمار ہوتا ہے وہ کسی اور ملک اور ثقافت میں بے ادبی ہو؟ آئیے آپ کو کچھ ایسے ہی عجیب و غریب آدابِ محفل کے بارے میں بتاتے ہیں:

روس: داخلے سے پہلے ہاتھ نہ ملائیں

مصافحہ کرنا یعنی ہاتھ ملانا کسی کا خیر مقدم کرنے کا بہترین طریقہ سمجھا جاتا ہے اور دنیا بھر میں رائج بھی ہے لیکن روس میں کبھی دروازے پر کھڑے ہوکر ہاتھ نہ ملائیں، پہلے کمرےمیں داخل ہوں یا دوسرے شخص کو مکمل طور پر باہر آنے دیں، تب ہاتھ آگے بڑھائیں۔


روس: پیٹھ نہ پھیریں

تھیٹر میں اپنی نشست پانے کے لیے جب آپ لوگوں کے سامنے سے گزرتے ہیں تو عموماً نشستوں پر بیٹھے افراد کی جانب پیٹھ کرتے ہوئے جاتے ہیں۔ لیکن روس میں اس عمل کو بدتمیزی شمار کیا جاتا ہے، اس کے بجائے آپ کو لوگوں کی طرف چہرہ کرکے گزرنا چاہیے، یعنی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر۔


اٹلی: پہلے خاتون نہیں پہلے مرد

اٹلی میں بھی یہ مہذب روایت ہے کہ کہیں پر بھی عورت کو دروازے سے پہلے داخل ہونے دیا جائے، وہی 'لیڈیز فرسٹ' والی بات لیکن اگر معاملہ کسی ریستوران میں جانے کا ہو تو یہ قاعدہ اُلٹ جاتا ہے۔ دراصل پہلے داخل ہونے کے بعد مرد اندر موجود میزبان سے بات کر سکتا ہے اور بیٹھنے کے لیے میز تلاش کر سکتا ہے۔


بھارت: اُلٹے ہاتھ سے نہ کھائیں

مسلمان تو چلیں سنّت پر عمل کرتے ہوئے سیدھے ہاتھ سے کھاتے ہیں لیکن صدیوں تک مسلم اقتدار کی وجہ سے بھارت میں بھی الٹے ہاتھ سے کھانے کو سخت معیوب سمجھا جاتا ہے۔ یہی نہیں بلکہ افریقہ کے کئی ملکوں میں بھی الٹے ہاتھ سے کھانا اچھا نہیں سمجھا جاتا۔


چِلی: ہاتھ سے نہ کھانا

ہاتھوں سے کھانا کھانے میں زیادہ تر کسی کو مسئلہ نہیں ہوتا، بلکہ ہمارے ہاں تو لوگ بہتر سمجھتے ہیں کہ کھانا ہاتھ سے ہی کھایا جائے، لیکن جنوبی امریکا کے ملک چلی میں ایسا نہیں ہے۔ وہاں آدابِ محفل میں کانٹے اور چمچے سے کھانا لازمی سمجھا جاتا ہے۔


کوریا: کچھ پیش کیا جائے تو دونوں ہاتھوں سے لیں

کوریا میں اگر کوئی بڑا آپ کو پینے کے لیے کچھ پیش کرے تو آداب یہ کہتے ہیں کہ اسے دونوں ہاتھوں سے قبول کیا جائے۔ یہ اُن کے احترام میں کیا جاتا ہے اور بزرگوں کے احترام کو کوریا میں بہت سنجیدہ لیا جاتا ہے۔


فرانس: گلے نہ ملیں بلکہ ۔۔۔

فرانس میں چومنے سے زیادہ بُرا گلے ملنا سمجھا جاتا ہے، اس لیے جب کسی ایسے شخص سے ملیں جس سے آپ کی زیادہ جان پہچان نہ ہو تو ہاتھ ملانے یا دونوں گالوں پر چومنے پر ہی "اکتفا" کریں۔


مختلف ممالک: انگوٹھا دِکھانا

روس، یونان، ایران اور مغربی افریقہ کے مختلف ممالک میں انگوٹھا دکھانا معیوب سمجھا جاتا ہے۔ ان مقامات پر اسے گالی سمجھا جاتا ہے۔

فیس بک پر تبصرے



تبصرہ کریں